10 ستمبر ، 2014
راول پنڈی...... سول نافرمانی کی کال دینے والے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بجلی کا بل جمع کرایا ہے یا نہیں؟ آئیسکو حکام نے کوئی تصدیق نہیں کی۔ تاہم عمران خان کے اہم ساتھی شیخ رشید احمد اور راول پنڈی سے تحریک انصاف کے رہنما راشد حفیظ نے تو بل جمع کرا دیے ہیں۔ وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف نے منگل کو نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ عمران خان نے بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ کے بجلی کے دونوں بل جمع کرادیے ہیں تاہم آئیسکو ذرائع نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ عمران خان کے گھر کا ایک بل 44ہزار 542روپے ہے جبکہ دوسرا 13ہزار 825روپے کا ہے۔جرمانے کے بغیر یہ بل جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 ستمبر تھی۔ ذرائع کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور عمران خان کے اہم ساتھی شیخ رشید احمدنے اگست کا 57 ہزار 711 روپے کا بل جمع کرا دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق راول پنڈی سے تحریک انصاف کے رہ نما راشد حفیظ نے بھی 31 ہزار 163 روپے کا بجلی بل جمع کرا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کے رہنما راجا بشارت نے بھی بجلی کے چار بل جمع کرا دیے ہیں جو 92775روپے ، 53745روپے ، 21442 روپے اور 39940 روپے کے ہیں۔