11 ستمبر ، 2014
راولپنڈی........پاک فوج سیلاب سےمتاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیوں میں مصروف ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اب تک 22 ہزار افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے، آپریشن میں ہیلی کاپٹر اور کشتیاں استعمال کی جارہی ہیں۔ کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلاب میں پھنسے افراد کی مدد کے لیے پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 5ستمبر سے اب تک پاک فوج نے 22ہزار سیلاب متاثرین کو ریسکیو کیا ۔اس وقت سیلابی ریلوں کی زد میں آئے علاقوں اٹھارہ ہزاری ، جھنگ ، احمد پور سیال ، اور چنیوٹ ميں بھی پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔ریسکیو آپریشن میں 7ہیلی کاپٹرز اور سو کشتیاں بھی استعمال کی جارہی ہيں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیلاب متاثرین میں امدادی سامان اور راشن بھی تقسیم کیا جارہا ہے اور اب تک 35ٹن راشن تقسیم کیا جاچکا ہے ،خوراک میں پانی، خشک دودھ، کھجوریں اور بسکٹ شامل ہیں ۔