19 ستمبر ، 2014
کراچی.... رفیق مانگٹ......عرب نیوز کے مطابق پاکستان میں22 سال قبل پرسرار طور پر لاپتہ ہونے والا سعودی شہری عبداللہ ال تویجری آخر کار کراچی کے ایک اولڈ ہوم سے مل گیا۔ غائب ہونے والے شہری کو ڈھونڈ نکالنے کی تصدیق کراچی میں سعودی قونصل خانے نے کردی۔ سعودی قونصل خانے نے وزارت خارجہ کی طرف سے حاصل معلومات کے بعد سندھ بھر میں اس کی تلاش کا عمل جاری رکھا۔سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ذاتی طور پر گورنر سندھ ، سیکورٹی حکام، وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کی تنظیموں اور خیراتی اداروں سے رابطہ کیا ۔حکام نے کراچی کی تمام جیلوں کو بھی چھان مارا۔ آخر کا ر وہ کراچی میں مالٹا کی ایک شہری خاتون کے اولڈہوم سے مل گئے۔حکام کے مطابق عبداللہ ال تویجری کی صحت اچھی تھی اور حکام نے اس وقت تک اپنے پاس ٹھہرایا جب تک ان کے خاندان کے افراد اسے لینے پاکستان نہیں آئے۔ کراچی میں سعودی عرب کے قونصل جنرل فالح ال راحیلے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسے اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ وطن واپس بھیج دیا گیا ہے۔ عبداللہ ال تویجری کے خاندان نے ابتدائی تلاش کے بعد اس کے ملنے کی امید ختم کردی تھی۔ال توویجری کے بھائی نے اس کی شکل وصورت کی مکمل تفصیل فراہم کی۔سعودی سفیر ال راحیلے نے اس کی تلاش کےلئے خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ اور نائب وزیر خارجہ کی طرف سے ملنے والی ہدایات کا شکریہ ادا کیا۔لاپتہ سعودی شہری عبداللہ ال تویجری کو شناختی دستاویزات نہ ہونے پربلوچستان میں قید کردیا گیا تھا اور رہائی ملنے کے بعد اس نے اولڈ ہوم والوں سے رابطہ کیا۔