21 ستمبر ، 2014
کراچی....رفیق مانگٹ....... امریکی محکمہ خارجہ نے20ارب32کروڑ روپے کی بارودی سرنگوں سے بچاؤکی 160 بکتر بند گاڑیاں پاکستان کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔ کانگریس کی طرف سے 198ملین ڈالر کی بکتر بند گاڑیوں کی پاکستان کو فروخت کا نوٹی فائی ہونے کا امکان ہے۔امریکی دفاعی سلامتی تعاون کے ادارے (ڈیفنس سیکورٹی کارپوریشن ایجنسی) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بارودی سرنگوں اور دھماکا خیز موادکے خلاف تحفظ فراہم کرنے کیلئے خصوصی طور پر تیار کی گئی 160بکتر بند گاڑیوں کی فروخت کی منظوری دے دی گئی ہے۔بکتر بند گاڑیوں کی مالیت198ملین ڈالر ہے۔ ان گاڑیوں کی فراہمی کا ٹھیکہ مشی گن کی نیویسٹار ڈیفنس کارپوریشن کو دیا گیا ہے جو اٹھارہ ماہ میں تیار کرکے پاکستان کو فراہم کرے گی ۔ ڈیفنس سیکورٹی کارپوریشن ایجنسی نے ممکنہ فروخت کا مطلوبہ سرٹیفیکیٹ امریکی کانگریس کو پیش کردیا ہے۔ امکان ہے کہ مطلوبہ سرٹیفکیٹ کی فراہمی کے بعد کانگریس آج فروخت کا باقاعدہ اعلان کرے گی ۔مجوزہ فروخت کے عمل کے لئے تقریبا ًدو امریکی حکومت اور چوبیس پاکستانی ٹھیکے دار وں کے نمائندوں کے تقرر کی ضرورت ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق حکومتِ پاکستان نے امریکا سے 160 نویسٹار ایم آر اے پی بکتر بند گاڑیوں کی خریداری کی درخواست کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ فاضل پرزہ جات، جانچ کے آلات،مطبوعات، تکنیکی دستاویزات، تربیت، لاجسٹک اسپورٹ کی خدمات، رسد ، امدادی پروگرام اور دیگر متعلقہ سازوسامان بھی فراہم کیا جائے۔بیان میں کہا گیا کہ دفاعی سازوسامان کی پاکستان کو فروخت سے جنوبی ایشیائی خطے میں فوجی توازن پر اثر نہیں پڑے گا۔مجوزہ فروخت کا مقصد امریکی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے لئے جنوبی ایشیا کے اہم ملک کی سلامتی کو بہتر بنانا ہے۔ان دفاعی گاڑیوں کی فروخت اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پاکستان خطرناک علاقوں میں مؤثر طریقوں سے کا م کرسکیں۔ان گاڑیوں کی فراہمی سے پاکستانی فورسز کے تحفط کی سطح امریکی فورسز کے مساوی ہو جائے گی۔پاک فوج کے پاس موجودہ بارودی سرنگوں کی مزاحمت کی جتنی بھی گاڑیاں ہیں وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں استعمال کی جارہی ہیں ،تاہم نئی گاڑیاں پاک فوج کے اپنے مقاصد کا حصہ ہوں گی۔ اس مجوزہ فروخت کے نتیجے میں امریکی دفاعی تیاری پر کوئی منفی اثر نہیں ہوگا۔ Mine Resistant Ambush Protected (MRAP)کہلانے والی یہ بکتر بند گاڑیاں بارودی سرنگوں کے خلاف تحفظ فراہم کرنے کیلئے خصوصی طور پر تیار کی گئی ہیں جن پر بارودی سرنگیں اثر نہیں کرتیں۔ان گاڑیوں کو مائن ریزسٹنٹ، ایمبش پرٹیکٹڈ ٹرک (ایم آراے پی )یعنی بارودی سرنگوں اور گھات لگا کر حملوں سے محفوظ رہنے والے ٹرک کہا جاتا ہے۔