پاکستان
21 ستمبر ، 2014

اسپین:قومی ایئرلائن کی پاکستان سے ڈائریکٹ پرواز چند ماہ کی مہمان

بارسلونا......(شفقت علی رضا :نمائندہ جنگ)....... اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لئے پی آئی اے کی پاکستان سے ڈائریکٹ فلائٹ اب چند ماہ کی مہمان ہے اور 31جنوری 2015 کو امکان ہے کہ اس کی آخری فلائٹ بارسلونا آئے گی اور یہیں سے وآپس پاکستان روانہ ہو گی۔تفصیلات کے مطابق باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لاہور سے آنے والی پی آئی اے کی آخری فلائٹ 31جنوری کو آئے گی اور وہی فلائٹ واپس اسلام آباد کے لئے روانہ ہوگی ۔کمپیوٹر سسٹم ٹکٹ بکنگ کے لئے 31 جنوری کے بعد کی کوئی تاریخ ’’شو ‘‘ نہیں کر رہا ۔ بارسلونا کے لئے پی آئی اے کی ڈائریکٹ فلائٹ کے بند ہونے کی وجہ غیر ملکی فلائٹس کا میدان میں آنا اورپی آئی اے فلائٹس کی تاخیر بیان کی گئی ہیں ۔واضح رہے کہ اس سے قبل یورپ میں جرمنی ، ہالینڈ ،بریڈ فورڈ ، روم اور بیلجیم سے بھی پی آئی اے کی فلائٹس بند ہو چکی ہیں ۔یاد رہے کہ بارسلوناپی آئی اے کے لئے ایک منافع بخش اسٹیشن تھا اور اسی وجہ سے پی آئی اے کی ڈائریکٹ فلائٹس کے آغاز میں دو اور بعد ازاں یہ تعداد تین ہو گئی تھی ۔اس حوالے سے کنٹری مینجر پی آئی اے اسپین بلال نورنے روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی بارسلونا سے فلائٹس بند نہیں ہو رہیں بلکہ 27ستمبر اور 4اکتوبر کو ٹرپل سیون یعنی بڑے جہاز بارسلونا کے لئے پسنجرز لے کر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم لاہور سے بارسلونا اور بارسلونا سے اسلام آباد کی فلائٹس کو تبدیل کر رہے ہیں،کمپیوٹر 31جنوری تک سسٹم اپ ڈیٹ اور تبدیل ہونے کی وجہ سے اس تاریخ کے بعد کی فلائٹس شو نہیں کر رہا ،لہٰذا اس کا ہرگز یہ مقصد نہ سمجھا جائے کہ فلائٹس بند ہو رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اسپین میں تیسرے فلور سے پی آئی اے کا دفتر اسی لئے گرائونڈ فلور پر تبدیل کیا ہے تاکہ ہماری ایئر لائن کی مزید پرموشن ہو ۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کا دفتر قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا کے بالکل ساتھ شفٹ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کو ایک ہی جگہ اور کم وقت میں اپنے کام کرانے میں آسانی ہو ۔

مزید خبریں :