پاکستان
22 ستمبر ، 2014

صوبہ کے قیام کا اعلان نہ ہوا تو لائحہ عمل مرتب کرینگے، مہاجر رابطہ کونسل

کراچی.......مہاجر رابطہ کونسل کی مرکزی کابینہ کا اہم اجلاس صدر یعقوب بندھانی کی سربراہی میں کراچی میں منعقد ہوا جس میں مہاجر وں کے لئے سندھ میں علیحدہ صوبے کے لازمی قیام کی متفقہ قرار داد منظو ر کر لی گئی ہے ۔اس موقع پر سینئر نائب صدرتصدق حسین ، جنرل سیکریٹری ارشد صدیقی ، جوائنٹ سیکریٹری راؤ ذہین عالم سمیت مرکزی عہدیداروں نے صوبے کے قیام سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں ۔ اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے یعقوب بندھانی نے کہا کہ مہاجر وں نے پاکستان کے قیام کے لئے 20لاکھ قیمتی جانوں ، املاک ، جائیدادوں اور ماؤں ،بہنوں نے اپنی عزتوں کو قربان کر دیا لیکن انہیں 67برس گزرنے کے باوجود جائز مقام نہیں دیا گیا بلکہ اس کے بر عکس ان کی قربانیوں کو پاکستان میں بسنے والے جاگیر داروں ، وڈیروں اور سر مایہ داروں نے یکسر مسترد کرکے انہیں اپنا غلام بنانے کے لئے ظلم و تسلط کا سہارا لیا،ہم پاکستان میں بسنے والے مہاجروں کے حقو ق اور انکے لئے علیحدہ صوبے کے قیا م کی جدوجہد کر رہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب سندھ میں مہاجروں کے لئے علیحدہ صوبہ بنا کر انہیں انکے وسائل پر مکمل اختیار ہوگا ،مہاجر نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم او ر روزگار کے مواقع میسر آ ئیں گے اور مہاجر ماؤں ، بہنوں ، بیٹیوں کو عزت و حرمت نصیب ہوگی ،آج مہاجرقوم جاگ چکی ہے،کوئی باطل قوت نہیں روک سکتی ، اگر ملک کی باطل پرست قوتوں اور اسٹبلشمنٹ نے مہاجر صوبے کے قیام میں رکاوٹ ڈالی تو مہاجر قوم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،انھوں نے صدر ممنون حسین وزیر اعظم نواز شریف، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ،وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد مہاجروں میں پائے جانے والے احسا س محرومی کو ختم کرنے کیلئے سندھ میں مہاجروں کے لئے علیحدہ صوبے کے قیام کا اعلان کریں ،اگر موجودہ سال کے آخر تک مہاجر صوبے کے قیام کا اعلان نا کیا گیا تو مہاجر رابطہ کونسل اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریگی اور مہاجروں کے حق لئے انتہائی اقدام سے بھی گریز نہیںکیا جائے گا۔

مزید خبریں :