25 ستمبر ، 2014
لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کراچی میں ایم کیوایم کے اسکیم 33کے سیکٹرآفس پررینجرزکے چھاپے اورکئی کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے ۔اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم توکراچی میں قیام امن کیلئے بھرپورکوششیں کررہی ہے لیکن اس کی ان کوششوں کوسراہنے کے بجائے ایم کیوایم کے ساتھ جس طرح کارویہ اختیار کیا جارہا ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اسکیم 33میں ایم کیوایم کے سیکٹرآفس جوکہ حق پرست ارکان اسمبلی کارابطہ آفس ہے وہاںتنظیمی اجلاس جاری تھاکہ رینجرزنے ایم کیوایم کے سیکٹرآفس پر چھاپہ مارااورمتعدد کارکنوں کوگرفتارکرلیا ۔الطاف حسین نے کہاکہ یہ کیسی دوعملی ہے کہ اسلام آبادمیں ٹی وی اسٹیشن، پارلیمنٹ ہاؤس اوردیگر سرکاری عمارتوں پر حملے کرنے والوں کے ساتھ تونہایت نرمی سے پیش آیاجارہاہے لیکن پرامن سیاسی سرگرمیاں انجام دینے والے ایم کیوایم کے کارکنوں کو بلاجوازگرفتارکیاجارہاہے ۔ یہ طرزعمل لوگوں میں محبتوںکونہیں بلکہ نفرتوں کوجنم دے گالہٰذامیں صدرممنون حسین ، وزیراعظم نوازشریف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی اوروزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے مطالبہ کرتاہوں کہ ان ظالمانہ کارروائیوں کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے اوراسکیم 33سے گرفتارکئے گئے ایم کیوایم کے تمام کارکنوںکورہاکیاجائے۔