پاکستان
25 ستمبر ، 2014

کراچی:کارکنوں کی گرفتاری، مختلف مقامات پر متحدہ کے دھرنےجاری

 کراچی:کارکنوں کی گرفتاری، مختلف مقامات پر متحدہ کے دھرنےجاری

کراچی .........متحدہ قومی موومنٹ کے کراچی میں ایم پی اے آفس میں رینجرز کے چھاپے اور کارکنان کو گرفتاری کے خلاف شہر کے مختلف مقامات پر دھرنے دیے جارہے ہیں ۔گزشتہ رات کراچی میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پر گلزار ہجری کے علاقے اسکیم 33 میں ایم کیو ایم کے ایم پی اے آفس میں تنظیمی کمیٹی کا اجلاس جاری تھا کہ رینجرز نے چھاپا مار کر کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ چھاپے کے دوران ایم کیو ایم کے دفتر میں مبینہ توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ترجمان رینجرز سندھ کےاعلامیہ میں کہا گیا گزشتہ رو ز گشت پر مامور رینجرز کےاہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا،جس پر رینجرز نے کارروائی کرکے 23مشکوک افرادکو گرفتار کرلیا، جن میں سے 8افراد کو ابتدائی تفتیش کے بعد رہا کردیا گیا جبکہ 15 مشکوک افراد سےتفتیش جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قانون کی رٹ قائم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ رینجرز کے ترجمان نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کرنے والوں کو چھوڑ انہیں جائے گا۔ واقعے کے خلاف ابوالحسن اصفہانی روڈ پر شدید احتجاج کیاگیا۔ ایم کیوایم کے رہنما فیصل سبزواری نے میڈیا کو بتایاکہ اب بھی 15سے زائد کارکن زیرحراست ہیں۔ کارکنان کو گرفتاری کے خلاف شہر کے مختلف مقامات پر دھرنے دیے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کےباہر دھرنے میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت کارکنوں کےاہل خانہ بھی شریک ہیں۔اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ چھاپا مارکر سیاسی سرگرمی کو روکا گیا۔ کارکنوں کی رہائی کے لئے ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی کے 9 مقامات پر احتجاجی دھرنے جاری ہیں ،ان میں رضویہ سوسائٹی، لیاقت آباد،لانڈھی، کلفٹن میں تین تلوار، نمائش چورنگی،اسٹارگیٹ،گلشن اقبال، ناگن چورنگی اور سی ایم ہاؤس شامل ہیں۔

مزید خبریں :