پاکستان
29 ستمبر ، 2014

وزیراعظم کیخلاف نااہلی درخواستوںکی سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی

وزیراعظم کیخلاف نااہلی درخواستوںکی سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی

اسلام آباد....... سپریم کورٹ میں وزیر اعظم کی نااہلی کے بارے میں متفرق درخواستوں کی سماعت میں عرفان قادر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں غلط بیانی کی ،وہ صادق اور امین نہیں رہے، ان کی رکنیت معطل کی جائے۔جسٹس مشیر عالم نے درخواست گزار کے وکیل کو دو اکتوبر کوآئین کے آرٹیکل 69،68 اور 95 کی تیاری کر آنے کی ہدایت کر دی ہے۔سپریم کورٹ میں جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کے بارے میں متفرق درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواستیں چودھری شجاعت ، پاکستان تحریک انصاف کے اسحاق خاکوانی اور انصاف لائرز فورم کے ایڈووکیٹ گوہر نواز سندھو کی جانب سے دائر کی گئیں ۔ درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ اسمبلی کے مشترکا اجلاس میں وزیر اعظم نے بیان دیا کہ آرمی چیف معاملات میں ضامن بنیں جبکہ پارلیمنٹ میں بیان دیا گیا کہ عمران خان آرمی چیف سے ملاقات کے خواہشمند تھے۔فوج کو ہم نے ثالث نہیں بنایا۔چودھری شجاعت اور اسحاق خاکوانی کے وکیل عرفان قادر نے کہا کہ دی نیوز اور ڈان میں وزیراعظم کابیان شائع ہوا۔ وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں غلط بیانی کی وہ صادق اور امین نہیں رہے، ان کی رکنیت معطل کی جائے۔سپریم کورٹ اس سے پہلے بھی ارکان پارلیمنٹ کو نااہل قرار دے چکی ہے جس پر جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیئے کہ دو اکتوبر کوآئین کے آرٹیکل 68،69 اور 95 کی تیاری کر کے آئیے گا۔ سماعت دو اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔

مزید خبریں :