19 اپریل ، 2012
لاہور … ینگ ڈاکٹرز نے ایک بار پھر حکومت پنجاب کو گٹھنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے، حکومت کو ان کی ہڑتال ختم کرانے کیلئے تبادلے روکنا پڑے جبکہ سروس اسٹرکچر اور دیگر مطالبات کیلئے کمیٹی قائم کرد ی گئی۔ ایک ہفتے سے زائد جاری رہنے والی ہڑتال سے مریضوں کی پریشانی کا حساب لینے والا کوئی نہیں۔ لاہورمیں حکومت پنجاب اورینگ ڈاکٹرز کے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور تبادلوں پر عملدرآمد روک دینے کی یقین دہانی پر انہوں نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ینگ ڈاکٹر زکے دیگر مطالبات کا جائزہ لینیکیلئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو ایک ماہ میں سفارشات پیش کریگی۔ آٹھ روز جاری رہنے والی ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث ہزاروں مریض مارے مارے پھرتے رہے، کوئی انکی پریشانیوں کا حساب کرنے والاہے نہ لینے والا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کل سے سرکاری اسپتالوں میں معمول کے مطابق کام ہو گا۔