30 ستمبر ، 2014
کراچی.......متحد ہ قومی موومنٹ کے لیبر ڈویژن کے انچارج کاظم رضا نے کہا ہے کہ ملک سے جاگیر دارانہ ، وڈیرانہ نظا م کے خاتمے کا واحد راستہ ملک میں نئے انتظامی یونٹس اور مزید صوبوں کے قیام میں ہی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے لیبر ڈویژن کے زیر اہتمام لال قلعہ گراؤنڈ میں منعقدہ اجلاس کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس مو قع ایم کیوایم لیبر ڈویژن کی مرکزی کمیٹی کے ارکان ، مختلف اداروں کی یونیز سے تعلق رکھنے والے ذمہ داران کی بڑی تعداد موجود تھی ۔انہوں نے کہا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن ملک بھر میںدکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کر رہاہے اور ملک میں خدمت خلق کا بڑا اور اہم ادارہ بن چکا ہے جوقدرتی آفات اور ناگہانی آفات کے موقعوں پر انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہوتا ہے اور یہی الطاف حسین کے فکر فلسفے کی تائید ہے۔انہوں نے لیبر ڈویژن کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکاران کی معاونت کرنے کیلئے خود میدان عمل میں آئیں اور عید الاضحیٰ کے موقع پر زیادہ سے زیادہ تعداد میں چرم قربانی کا حصول ممکن بنائیں تاکہ ہم قائد تحریک کی ہدایات کے مطابق اپنے سیلاب سے متاثرہ ہم وطنوں اور آئی ڈی پیز کی امداد کے لئے اپنا حصہ ادا کرکے اسے ایمانداری کے ساتھ ہم وطنوں تک پہنچائیں اور اللہ کی خوشنودی حاصل کریں ۔