01 اکتوبر ، 2014
پشاور(سید سبز علی شاہ ۔نمائندہ خصوصی) پاکستان سمیت 27ممالک میں فلاحی خدمات انجام دینے والے چیئریٹی ادارے اُمہ ویلفیئر ٹرسٹ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین سے دلی ہمدردی اور جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لئے ابتدائی طور پر 185 ملین روپے امداد کا اعلان کردیا۔ٹرسٹ کے کنٹری ڈائریکٹرصاحبزادہ عمران کے مطابق پہلے مرحلے میں متاثرین سیلاب پنجاب کو پکی پکائی خوراک فراہم کی جائے گی۔جبکہ ریلیف آپریشن کے دوسرے مرحلے میں انہیں خشک راشن فراہم کیا جائے گا۔جس میں آٹا، کوکنگ آئل،چاول، چینی،دالیں،اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء شامل ہوں گی۔خیموں میں مقیم متاثرین کو اسی مرحلے میں گھریلو استعمال کے برتن،بچّوں کیلئے عیدگفٹس اورہائی جینک کٹس بھی فراہم کی جائیں گی۔رضاکاروں کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ کر دی گئی ہیں جو لمحہ بہ لمحہ ٹرسٹ کو صورت حال سے باخبر رکھے ہوئے ہیں۔ ابتدائی طور پر نقصانات کا جو تخمینہ لگایا جا رہا تھا صورت حال اس سے کئی گنا زیادہ گھمبیر ہو گئی ہے اور خدشہ ہے کہ پنجاب کی طرح سندھ کو بھی سیلابی پانی سے کافی نقصان اٹھانا پڑے گا۔ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا محمد ادریس نے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا ہے کہ جس طرح 2010 میں متاثرین سیلاب کی ہر ممکن مدد کی گئی تھی، اسی طرح اس بار بھی ان کی امداد میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔