پاکستان
20 اپریل ، 2012

سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختون خواہ میں آج بھی بارشوں کا امکان

سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختون خواہ میں آج بھی بارشوں کا امکان

کراچی… ملک کے مختلف علاقوں میں جمعرات کو بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختون خواہ میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ کراچی میں بارش کے بعدموسم میں خوشگوار تبدیلی آئی ہے۔ گرمی سے پریشان لوگوں کی بڑی تعداد نے ساحل سمندر کا رخ کیا اور موسم کا لطف اٹھایا۔کیٹی بندر اور کھارو چھان سمیت ٹھٹھہ کیساحلی علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ ٹنڈومحمد خان میں بھی تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش ہوئی،،تھرپارکر، نوکوٹ اور بدین میں بھی ہلکی بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ میرپورخاص ،لاڑکانہ اور نواب شاہ میں موسم ابر آلود ہے۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بادل چھائے ہوئے ہیں۔ سرگودھا اور ہارون آباد میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش ہوئی۔ چنیوٹ اور بھوآنہ میں بارش کے ساتھژالہ باری بھی ہوئی۔ ایبٹ آباد اور صوابی میں تیز ہواوٴں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، ہزارہ ڈویڑن کے دیگر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے۔ مری میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ کالام، مالم جبہ اور مینگورہ میں ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ جنوبی وزیرستان میں طوفانی بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ کوئٹہ میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،،چمن سمیت شمالی بلوچستان میں بھی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہے۔ گڈانی کے ساحلی علاقے کْند اور حب میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

مزید خبریں :