پاکستان
20 اپریل ، 2012

وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج بھی ہوگی

وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج بھی ہوگی

اسلام ا ٓباد… وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کی کارروائی آج بھی جاری رہے گی اور جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں 7رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔ گذشتہ روز ہونے والی سماعت میں وزیراعظم کے وکیل اعتزاز احسن نے صدارتی استثنیٰ پر دلائل دیئے اور انہیں دلائل دینے کے لئے مزید ایک دن دینے کی استدعا عدالت نے قبول کر لی۔ کل ہونے والی سماعت میں اعتزاز احسن نے ریاست کے سربراہان کو حاصل استثنا پردلائل دیتے ہوئے اس سے متعلق اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ بھی پیش کی ۔ اعتزاز نے کہا کہ صدر کو فوجداری اور دیوانی مقدمات سے استثنا حاصل ہے۔جسٹس سرمد جلال عثمانی نے کہا کہ استثنا مقدمہ چلانے پر ہے، خط لکھنے پر نہیں۔جسٹس ناصر الملک نے استفسار کیا کہ عدالتی احکامات پر عمل کرانے کی ذمہ داری کس کی ہے؟ اعتزازاحسن نے کہاکہ قواعد کے مطابق یہ ذمہ داری وزارت قانون کی ہے۔ جسٹس ناصرالملک نے ریمارکس دیے کہ عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد کی حتمی ذمہ داری وزیراعظم کی ہے۔اعتزاز احسن نے بنچ کو بتایا کہ وزیراعظم کو عدالتی فیصلے کا علم نہیں تھا، انہوں نے وزارت قانون کی سمری پر انحصار کیا جو سوئس حکام کو خط لکھنے کے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے سے متعلق تھی۔

مزید خبریں :