پاکستان
20 اپریل ، 2012

پاکستان کا مستقبل روشن نظر نہیں آرہا، نواز شریف

پاکستان کا مستقبل روشن نظر نہیں آرہا، نواز شریف

اسلام آباد… پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ مخالفین کہتے ہیں کہ ہم نے باریاں لگا رکھی ہیں، ہمیں کبھی بھی دو سال سے زیادہ کام کرنے نہیں دیا گیا پھر بھی ہم نے ملک کو تبدیل کر دیا۔ اگر ہمیں پانچ سال حکومت پوری کرنے دی گئی ہوتی تو ہم ایشیائی ٹائیگر ہوتے، جیسے حکومت کو چلایا جا رہا ہے ایسے پاکستان کا مستقبل نظر نہیں ا رہا۔ اسلام آباد میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے طالب علموں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے طالب علموں سے کہا کہ وہ ووٹ سوچ سمجھ کر دیں کیونکہ کچھ لوگ مختلف چہرے لیکر تبدیلی اور انقلاب کی باتیں کر رہے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ ہمارے مخالفین کہتے ہیں کہ طالب علموں کو لیپ ٹاپ نہیں دینے چاہتے تھے،تو کیا اس مخالف جماعت کے کارکنوں کو دیتے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں نے طالب علموں کا گارڈ آف آنر دیا، مشرف کو نہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ اگر مرکز پنجاب حکومت سے تعاون کرتا تو بہت کام ہو سکتے تھے، مرکز میں اداروں کی تضحیک کی جا رہی ہے۔ ملک میں مہنگائی اور کرپشن بڑھ رہی ہے اور اسٹیٹ بینک نوٹ چھاپ رہا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ انھیں وزیر اعظم بننے کی اتنی خوشی نہیں ہوئی تھی، جتنی ججز کی بحالی پر ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ بھارت نے پانچ ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والا میزائل تیار کر لیا، میں امید کرتا ہوں ہم بھی ایسا میزائل تیار کر رہے ہونگے جو 10 ہزار کلومیٹر تک مار کرے۔

مزید خبریں :