پاکستان
20 اپریل ، 2012

اوکاڑہ: سیاچن سے یکطرفہ فوجیں واپس نہیں بلاسکتے، صدر زرداری

اوکاڑہ: سیاچن سے یکطرفہ فوجیں واپس نہیں بلاسکتے، صدر زرداری

اوکاڑہ … صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سیاچن سے یکطرفہ فوجیں واپس نہیں بلاسکتے، جانتے ہیں سیاچن میں ہمارے فوجی مشکل حالات میں ہیں مگر بھارتی فوجی بھی آرام میں نہیں، بھارت سے سیاچن سمیت تمام معاملات پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ اوکاڑہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ چھوٹے میاں نے اپنے پاس 17 وزارتیں رکھی ہیں، یہ کس طرح ممکن ہوسکتا ہے کہ ایک شخص اتنی وزارتیں چلائے، پنجاب میں میاں برادران کی سوچ مغلیہ طرز اور شہزادہ سلیم سے ملتی ہے، ان کے کھانے پر کوئی نہ جائے تو 302 کا پرچہ کرادیتے ہیں۔ شریک چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا ہے کہ جب حکومت ملی تھی تو تمام اختیارات میرے پاس تھے، بڑے میاں 17 وزارتیں نہیں دینا چاہتے، ہم نے تمام پاور پارلیمنٹ کو دیدیں، سیاست بڑی مشکل چیز ہے، پیپلز پارٹی والوں سے مقابلہ آسان نہیں۔ صدر زرداری نے کہا ہے کہ جب حکومت ملی تو ہرچیز کا بحران تھا، سیاست میں نئے رشتے کے قائل ہیں، پنجاب کو زیادہ فنڈز دیئے مگر وہاں ترقی نظر نہیں آتی۔ انہوں نے سیاچن سے متعلق کہا ہے کہ سیاچن سے بھارتی فوج واپس جائے تو ہم بھی واپس آسکتے ہیں، سیاچن سے یکطرفہ فوجیں واپس نہیں بلاسکتے۔ بھارت سے سیاچن سمیت تمام معاملات پر مذاکرت کیلئے تیار ہیں، جانتے ہیں کہ سیاچن میں ہمارے فوجی مشکل حالات میں ہیں مگر بھارتی فوجی بھی آرام میں نہیں۔

مزید خبریں :