20 اپریل ، 2012
ساہیوال … آئی جی پنجاب حاجی حبیب الرحمن نے کہا کہ سنگین اور خطرناک مجرموں کو موقع پر سزا دینا انصاف ہے، شریف شہریوں کے گھروں میں داخل ہو کر ڈکیتیاں کرنے اور خواتین سے ریپ کرنے والے ڈاکووٴں کو موقع پر ہی جہنم رسید کر دینا چاہئے۔ ساہیوال میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطرناک ملزموں کو موقع پر ہی سزا دینا انصاف ہے اس لئے پولیس کو ملزموں کے خلاف جارحانہ انداز اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکووٴں اور خطرناک اشتہاری مجرموں کو ان کے کئے کا موقع پر حساب چکا دینا چاہئے، ان کے سر اٹھنے سے پہلے ہی نیچے کردیئے جائیں تو وہ دوبارہ ڈکیتیاں نہ کریں اور نہ ہی کسی کی عزت اور سکون برباد کریں۔ اس موقع پر انہوں نے تمام ملازمین، ایس ایچ اوز اور ڈی ایس پیز سے آئندہ رشوت نہ لینے کا حلف لیا۔