پاکستان
16 اکتوبر ، 2014

کراچی:ساتویں عالمی اردو کانفرنس آج سےشروع ہوگی

 کراچی:ساتویں عالمی اردو کانفرنس آج سےشروع ہوگی

کراچی......کراچی آرٹس کونسل کی اردو کانفرنس آج شروع ہوگی جس میں کئی ملکوں کے ادیب شاعر شرکت کریں گے۔پہلے دن مشتاق احمد یوسفی کی نئی کتاب شام شعر یاراں کی تقریب رُونمائی ہوگی۔وقت کا تقاضا کہیں یا عصر حاضر میں زبانوں کی مڈبھیڑ میں اپنی قابل فخر شناخت کا اظہار ساتویں عالمی اردو کانفرنس اسی اظہار کی کاوش ہے جو کئی سال سے جاری ہے۔آرٹس کونسل کراچی میں جمعرات سے شروع ہونے والی چار روزہ کانفرنس میں50سے زیادہ ممالک سے نامور ادیب ،شاعر،نقاد اور دانشور شرکت کریں گے۔کانفرنس میں شرکت کے لیے د نیا بھر سے اہل علم و دانش اور ادب کراچی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ۔جن میں لندن سے رضا علی عابدی،غزل انصاری ،نجمہ عثمان،ایران سے افتخار عارف اور بھارت سے قاضی افضال حسین ، عبید صدیقی،انیس اشفاق،رنجیت سنگھ چوہان، ابھیشیک شُکلا،خوشبیر سنگھ شاد،امیر امام اور امریکا سے عشرت آفریں سمیت دیگر ممالک کے ادیب شامل ہیں ۔ اردو کانفرنس میں عالمی شہرت یافتہ طنزو مزاح نگار مشتاق احمد یوسفی کی کتاب "شام شعر یاراں "اورمعروف بھارتی شاعر جاوید اخترکے شعری مجموعے"لاوا"سمیت دیگر کتابوں کے اجرا اور تقاریبِ پذیرائی کے علاوہ جدید ناول اور افسانہ،اردو کو درپیش مسائل اور اس کا مستقبل ،اردو کی نئی بستیاں اور تراجِم کی روایت، بیاد رفتگاں ،تحقیق و تنقید اور ذرائع ابلاغ کے موضوعات پر نشستیں ہوں گی۔

مزید خبریں :