21 اپریل ، 2012
کراچی… بجٹ دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال ملک کا مجموعی بجٹ 44 کھرب روپے رکھے جانے کی توقع ہے، جس میں صوبوں کا بجٹ 16 کھرب سے زائد ہے۔وزارت خزانہ کی بجٹ دستاویزات کے مطابق آئندہ بجٹ میں مجموعی معیشت کا حجم 239 کھرب ڈالر تک پھیل سکتا ہے۔ اس کے علاوہ 933 ارب روپے سود اور قرضوں کی ادائیگی میں چلے جائیں گے۔ دستاویزات کے مطابق وفاق کے 10 کھرب 15 ارب روپے مالی خسارے کی نذر ہوجائیں گے تاہم مجموعی مالی خسارہ کم کرنے میں صوبے 110 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیں گے۔ دفاع کے لیئے 545 ارب مختص کیئے جانے کی توقع ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ٹیکس آمدنی 24 کھرب جبکہ وفاق کی نان ٹیکس آمدنی 552 ارب روپے ہوگی۔ قومی مالیاتی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو ٹیکس آمدنی سے 15 کھرب 3 ارب روپے ملیں گے۔