23 اکتوبر ، 2014
کراچی......کراچی کے علاقے انچولی میں شہریوں نے دو ملزمان کو مار مار کر ادھ موا کردیا،ایک ملزم کو پولیس اور دوسرے کو رینجرز نے حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان انچولی میں پکوان سینٹر پر آئے اور اسلحے کے زور پر اسےلوٹنے کی کوشش کی،جس پر دکان دار نےایک ملزم کودبوچ لیا،دکان دار کی جرات اور بہادری کو دیکھتے ہوئے اطراف میں موجود لوگ بھی پہنچ گئے اور انہوں نے مسلح افراد کوپکڑ کر ان کی خوب پٹائی کی، جس سے ملزمان شدید زخمی ہوگئے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے پولیس اور رینجرز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور ملزمان کو حراست میں لے لیا،ملزمان کے قبضے سے 50 ہزار روپے،دو نائن ایم ایم پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ۔ذرائع کے مطابق ایک ملزم پولیس جبکہ دوسرا رینجرز کی حراست میں ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔