25 اکتوبر ، 2014
کراچی......افضل ندیم ڈوگر.......کراچی میں ایدھی ہیڈ آفس میں ڈکیتی کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کی نشاندہی پر لوٹی گئی رقم بھی برآمد ہوئی ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم راشد عرف مظہر کی گرفتاری کراچی شرقی کے علاقے کورنگی سے ہوئی ہے۔ اس کی نشاندہی پر ایدھی سنیٹر سے لوٹی گئی ملکی اور غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی جاچکی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے لوٹا گیا سونا فروخت کردیا تھا جس کی برآمدگی کے لئے پولیس کارروائی کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں تفصیلات خفیہ رکھی جارہی ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کی خبر میڈیا پر نشر ہونے کے بعد ڈی آئی جی ساؤتھ عبدالخالق شیخ کی جانب سے ایسی کسی گرفتاری کی تردید کی گئی۔ عبدالخالق شیخ کے مطابق اس سلسلے میں پولیس کارروائی کر رہی ہے۔