21 اپریل ، 2012
اسکردو … گیاری سیکٹر میں ایک مقام سے برفانی تودے تلے دبے فوجیوں کے زیراستعمال کچھ لائف جیکٹس، ادویات اور دیگر اشیاء ملی ہیں۔ سیاچن کے پہاڑی سلسلے گیاری سیکٹرمیں ایک بار پھر یخ بستہ ہواوٴں سے موسم سخت سرد ہوگیا ہے۔ خراب موسم کے باوجود ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن جاری ہے۔ افرادی قوت اور میٹریل کی مددسے 3 مقامات پر کھدائی کے کام کو وسعت دے دی گئی ہے۔ ایک مقام سے برفانی تودے تلے دبے فوجیوں کے زیراستعمال کچھ لائف جیکٹس، برفانی علاقوں کے خصوصی خیموں اگلو کے ٹکڑے اور ادویات ملی ہیں۔ یہ اشیاء جس جگہ سے برآمد ہوئیں وہ اصل مقام سے 600 میٹرکے فاصلے پر ہے۔ ان اشیاء کے ملنے سے برفانی تودے کی نوعیت اور تباہی کااندازہ لگایا جاسکتا ہے۔