کھیل
26 اکتوبر ، 2014

دبئی ٹیسٹ:جیت کیلئے پاکستان کو 6وکٹیں،آسٹریلیا کو379درکار

دبئی ٹیسٹ:جیت کیلئے پاکستان کو 6وکٹیں،آسٹریلیا کو379درکار

دبئی......دبئی ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے، پاکستان کو اس میچ میں کامیابی کیلئے 6وکٹیں درکار ہیں جبکہ آسٹریلیا کو جیت کیلئے 379درکار ہیں۔دبئی ٹیسٹ کا چوتھا روز پاکستان کے نام رہا، بیٹسمینوں اور بولرز نے اپنی کارکردگی سے آسٹریلیا کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ دونوں پاکستانی اوپنرز شراکت کو 71رنز تک لے گئے۔اظہر علی 30رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد جب یونس خان کے ساتھ احمد شہزاد یکجا ہوئے تو آسٹریلوی بولرز کے لیے وکٹوں کا حصول خواب بن گیا،دونوں نے کبھی دفاعی انداز اور کبھی جارحانہ اسٹروکس سے اننگز کو استحکام بخشا۔دوسری وکٹ پر احمد شہزاد اور یونس خان نے 168رنز جوڑے،اس دوران احمد شہزاد نے اپنی سنچری بھی مکمل کی،وہ 131رنز کی سولڈ اننگز کھیلنے کے بعد پویلین گئے،دوسرے اینڈ سے ان فارم یونس نے ایک بار پھر سنچری جڑدی۔پاکستانی کپتان مصباح الحق نے یونس کی سنچری مکمل ہوتے ہی اننگز ڈکلیئر کردی، 286رنز دو کھلاڑی آؤٹ کے نتیجے میں پاکستان ، آسٹریلیا پر 437رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوا، یونس 103 اور سرفراز احمد 15رنز پر ناقابل شکست رہے۔جوابی اننگز میں آسٹریلوی اوپنرز اسکور کو 44رنز تک لے گئے لیکن یہاں سے تباہی شروع ہوئی،ذوالفقار بابر نے پہلی اننگز کے سنچری میکر ڈیوڈ وارنر کی وکٹ حاصل کی ،پھر ڈولن کو ٹھکانے لگایا،اگلے دو بیٹسمین یاسر شاہ نے شکار کیے، کپتان مائیکل کلارک اور نیتھن لائن اُن کی گھومتی ہوئی گیندوں پر نہیں ٹھہر سکے،صرف پندرہ رنز کے اضافے سے آسٹریلیا نے چار وکٹیں گنوادیں، اب 59رنز پر چار کھلاڑیوں سے محروم ہونے کے بعد میچ میں آسٹریلیا پر شکست کے بادل منڈلانے لگے ہیں، چھ وکٹوں کے ساتھ اُنہیں 379رنز کا پہاڑ جیسا اسکور سر کرنا ہے۔

مزید خبریں :