Time 03 مارچ ، 2025
کھیل

'اگر فاسٹ بولنگ کرتا تو وسیم اکرم سےکبھی نہیں مل پاتا'، بھارتی اسپنرکا پرانا بیان وائرل

بھارتی بولنگ اسکواڈ کے اہم رکن اسپنرکلدیپ یادیو کا سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم کے حوالے سے دیا گیا ایک پرانا بیان پھر وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے  وسیم اکرم کو اپنا آئیڈیل قرار دیا تھا۔

نجی ٹی وی کے ایک حالیہ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نےکلدیپ یادیو کی تعریف کی اور آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز ( کےکے آر) میں کوچنگ کی اپنی یادیں تازہ کیں۔

اس پروگرام کے بعدکلدیپ یادیو کا ایک پرانا انٹرویو وائرل ہو رہا ہے جس میں کلدیپ یادیو کا کہنا تھا کہ اگر میں فاسٹ بولنگ کرتا تو وسیم اکرم سےکبھی نہیں مل پاتا۔کلدیپ کا کہنا تھا کہ بچپن میں وسیم اکرم کو دیکھ کر میں بھی فاسٹ بولنگ کرتا تھا  اور گیندکو سوئنگ کرانے کی کوشش کرتا تھا۔

بھارتی اسپنر کا کہنا تھا کہ جب پہلی بار میری وسیم اکرم سے ملاقات ہوئی تو میں نے انہیں بتایا کہ جب میں فاسٹ بولنگ کرتا تھا تو آپ میرے آئیڈیل تھے، اس پر وسیم اکرم نے مجھے گھور کر دیکھا اور کہا کہ اچھا ہوا تم نے فاسٹ بولنگ چھوڑ دی ورنہ تم مجھ سے کبھی نہیں مل پاتے۔

ایک اور انٹرویو میں کلدیپ یادیو کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم ان لوگوں میں سے ہیں جو میرے ابتدائی کریئر میں مجھ پر بہت زیادہ اثر انداز ہوئے۔

 کلدیپ یادیو  نے بتایا کہ جب میں  آئی پی ایل کے لیےکےکے آر میں منتخب ہوا تو وسیم اکرم کے ساتھ بہت وقت گزارا، اس دوران انہوں نے مجھے ذہنی طور پر مضبوط بنانے میں بہت مدد کی اور سکھایا کہ کیسے دباؤ کی صورتحال میں بولنگ کرانی ہے اور جب بیٹر اٹیک کر رہا ہو تو اس سےکیسے نمٹنا ہے۔

مزید خبریں :