26 اکتوبر ، 2014
کراچی...... متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ سندھ کے عوام کی اکثریت نے بھرپوراندازمیں یوم سیاہ مناکرنئے صوبوں کے قیام کے حق میں فیصلہ دے دیاہے ۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے اردوبولنے والے سندھیوں یعنی مہاجروں کوکبھی سندھی تسلیم نہیں کیا اوراس تعصب اورنفرت کی بنیاد 1973ء میں ر کھی گئی ۔الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی قومی جماعت ہونے کی دعوے دار ہے لیکن اس نے ہردورمیں پاکستان کارڈ نہیں بلکہ سندھ کارڈاستعمال کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج نا صرف کراچی بلکہ حیدرآباد،سکھر، میرپورخاص، نوابشاہ ،سانگھڑ ، ٹنڈو آدم ، ٹنڈوالہ یار، خیرپور، جیکب آباد، لاڑکانہ ،کشمورمیں سندھی بولنے والے اوراردوبولنے والے سندھیوں نے ایم کیوایم کی اپیل پر پیپلزپارٹی کے ظلم کی حکمرانی اور نفرت و تعصب کے خلاف بھرپوریوم سیاہ مناکرفیصلہ سنا دیاہے کہ اب سندھ اورپورے ملک میں نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کا قیام ضروری ہے۔ایم کیوایم کے قائد نے کہاکہ سندھی بولنے والوں اوراردوبولنے والوں کایہ متفقہ فیصلہ ہے کہ وہ مل کر سندھ سے ظلم کافرسودہ ، جاگیردارانہ اور وڈیرانہ نظام اورکرپٹ کلچر کاخاتمہ کریں گے۔ انہوں نے یوم سیاہ میں کاروبار اور ٹرانسپورٹ اورتجارتی سرگرمیاں بندرکھنے پر تمام شعبہ ء زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا شکریہ بھی اداکیا۔