26 اکتوبر ، 2014
لاہور....... سندھ ، پنجاب سمیت ملک بھر میں خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یوم شہادت آج منایا جارہا ہے،یوم شہادت کے سلسلے میں اہل سنت والجماعت کے زیر اہتمام ریلیاں نکالی گئیں۔ سرگودھا میں سیدنا حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہکی یوم شہادت کے سلسلے میں اہل سنت والجماعت کے زیراہتمام مرکزی عیدگاہ سے جلوس نکالا گیا جو چوک فاروق اعظم پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ بہاول پور اور بہاولنگر میں اہلسنت والجماعت کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں ۔ ریلی کے شرکا یوم شہادت حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر عام تعطیل دینے کا مطالبہ کررہے تھے۔ حافظ آباد میں فیصل پلازا سے فوارہ چوک تک ریلی نکالی گئی۔ ادھر سکھر میں اہل سنت والجماعت کے کارکنوں نے ایوب گیٹ سے گھنٹا گھر چوک تک یوم فاروق اعظم پر ریلی نکالی۔ میرپور خاص میں اہلسنت والجماعت اور سنی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام نکالی گئی ریلی کا آغاز مدینہ مسجد سے ہوا جو مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی بلدیہ چوک پر اختتام پزیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ایام شہادت پر سرکاری تعطیل کرنے کا مطالبہ کیا۔ ضلع ٹنڈومحمد خان میں اسٹیشن روڈ سےریلی نکالی گئی۔ ریلی مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچی، اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ بلوچستان کے شہر نصیرآباد میں بھی اہلسنت والجماعت کے زیر اہتمام یوم شہادت حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر ریلی نکالی گئی۔