26 اکتوبر ، 2014
اسلام آباد....... مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے استحکام کی بات کی ، کوئی ایسی بات نہیں کی کہ کوئی مشتعل ہو، پہلے بھی حملے ہوتے رہے مگر ریاستی اداروں نے آج تک نہیں بتایا حملے کس نے کیے۔ اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اپنی رہائش گاہ پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے مفادات اور استحکام کی بات کی ہے، اس میں ایسی کون سی بات ہے کہ کوئی مشتعل ہو، اس سوال کا جواب تلاش کرنے کی ضرورت ہے، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے اعتدال کی بات کی یہ کہا کہ اسلحہ نہ اٹھائیں دلیل کی بنیاد پر بات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان پر پہلے بھی حملے ہوئے، آج تک تحقیقات کے نتائج سے آگاہ نہیں کیا گیا۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ متحد ہو کر تشدد کے رویے کے خلاف کام کیا جائے گا۔