21 اپریل ، 2012
لاہور … وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بھوجا ایئر لائن کے طیارے کے حادثے کی شفاف تحقیقات کرائے، حادثے پر پوری قوم دکھ اور درد میں مبتلا ہے۔ لاہور کے چلڈرن اسپتال میں 3 روزہ قومی پولیو مہم کے آغاز پر بچوں کو قطرے پلانے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پولیو کے مرض کو پاکستان سے ختم کرکے رہیں گے ، پنجاب حکومت ڈینگی کی ممکنہ وباء کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب بھوجا ایئر لائن کے شہداء کے ورثا کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی لائن جس کی کارکردگی ماضی میں سوالیہ نشان رہی اس کو جہاز اڑانے کی اجازت کیوں دی گئی۔