پاکستان
27 اکتوبر ، 2014

مراد علی شاہ کےسہون سے ضمنی الیکشن لڑنے پر چہ مگوئیاں شروع

مراد علی شاہ کےسہون سے ضمنی الیکشن لڑنے پر چہ مگوئیاں شروع

کراچی ........پیپلز پارٹی کے سہون سے منتخب رکن سندھ اسمبلی عبدالنبی شاہ نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ جس کے بعد دہری شہریت پر نااہل ہونے والے سندھ کے مشیر خزانہ سید مراد علی شاہ ضمنی انتخاب میں حصہ لیں گے۔ کامران رضی کی رپورٹ کے مطابق 2013 کے عام انتخابات میں پی ایس 73 سے منتخب رکن سندھ اسمبلی عبدالنبی شاہ مستعفی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق عبدالنبی شاہ مراد علی شاہ کے قریبی رشتہ دار ہیں اور دہری شہریت پر مراد علی شاہ کی نااہلی کی وجہ سے عبدالنبی شاہ کو الیکشن لڑایا گیا تھا۔ سید مراد علی شاہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ انھوں نے ستمبر 2012 میں کینیڈا کی شہریت ترک کر دی تھی۔ لیکن سرٹیفیکیٹ نہ ملنے کہ وجہ سے وہ 2013 کے عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔اب ضمنی الیکشن میں سہون شریف سے حصہ لیں گے۔ مراد علی شاہ، سابق وزیر اعلی سید عبداللہ شاہ کے بیٹے ہیں،اور وہ 2008 میں منتخب ہو کر سندھ کے وزیر خزانہ رہ چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سید مراد علی شاہ سندھ کی وزارت اعلیٰ کے لیے امیدوار ہیں۔ اور ان کے الیکشن لڑنے کے اعلان سے سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہو گئی ہیں اور کئی بااثر ارکان نے لابنگ بھی شروع کر دی ہے۔ تاہم پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کو ہٹانے سے متعلق اطلاع نہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پچھلے پچیس برسوں کے دوران زیادہ ترسید برادری کے افراد وزیراعلیٰ رہے ہیں۔


مزید خبریں :