27 اکتوبر ، 2014
کراچی .......بحیرہ عرب کے وسطی مغربی علاقوں میں بننے والا ہوا کا شدید کم دباؤ کے سمندری طوفان نیلوفر میں تبدیل ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آیندہ بدھ سے جمعے کے دوران پاکستانی ساحلوں کے ساتھ سمندر طلاطم خیز رہے گا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان جسے نیلوفر کا نام دیا گیا ہے کراچی سے جنوب مغرب میں 12 سو پچاس کلو میٹر اور گوادر سے جنوب میں 11 سو 75 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ نیلوفر کے اگلے 36 سے 48 گھنٹوں میں شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے جو آیندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران شمال مغرب اور بعد میں شمال مشرق کی جانب بڑھ سکتا ہے جس کے باعث زیریں سندھ بشمول کراچی اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں آیندہ بدھ کی رات سے جمعے کے دوران چند مقامات پرموسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیر اس دوران کے دوران کھلے سمندر میں نہ جائیں۔ دوسری جانب فشر فوک فارم کے رہنما مجید موٹانی کا کہنا ہے کہ اس وقت تقریب 50 بڑی اور 100 سے زائد چھوٹی کشتیاں سمندر میں مچھلیاں پکڑنے گئی ہیں۔ ہر بڑی کشتی میں 50 سے زائد افراد سوار ہوتے ہیں جنہیں کل تک واپس آنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ جبکہ ہر چھوٹی کشتی میں 2 سے تین افراد ہوتے ہیں جو کہ ایک سے دو دن میں واپس لوٹ آئیں گے۔