27 اکتوبر ، 2014
اسلام آباد......قومی اسمبلی نےیوم سیاہ کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور جے یو آئی کے سربارہ مولانا فضل الرحمان پر خودکش حملے کے خلاف مذمتی قرارداد یں منظور کرلیں۔ ایوان نے قرار دیا ہے کہ انتخابات کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے متبادل نہیں ہو سکتے۔ یوم سیاہ کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے قومی اسمبلی میں قرارداد وفاقی وزیر امور کشمیر برجیس طاہر نےپیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ نہاد انتخابات کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے متبادل نہیں ہو سکتے،پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور بربریت بند کرے، حریت پسند قیادت سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، اقوام متحدہ قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ایوان نے ایک اور قرارداد کے ذریعے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر کوئٹہ میں خودکش حملے کی مذمت کی ۔ اس قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ ملک کو غیر مستحکم کرنے اور جمہوریت کی بساط لپیٹنے کی اندرونی وبیرونی قوتوں کی سازش ہے جس کی عدالتی تحقیقات کی جائیں۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ ان پر حملہ نہیں، پورا ملک ایسی دہشت گردی کا شکار ہے، جو ملک کو اس دلدل سے نکالنے کی کوشش کرے ، اس پر الزامات لگائے جاتے ہیں، ان واقعات کے پیچھے سازش کو سمجھنا مشکل نہیں۔