24 جنوری ، 2012
لاہور… پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن مصلحت کا شکار ہے اور وفاقی حکومت کی چال چل رہا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن جیسے ادارے کے سربراہ کو پریس کانفرنس کرنا زیب نہیں دیتا،ایسا کرنا ان کے آئینی اختیار سے باہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میمو گیٹ کیس میں گواہی دینے کیلئے منصور اعجاز کا نہ آنا ثابت کرتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے، اصغر خان کیس سے فرق نہیں پڑتا ،ان کے ہاتھ صاف ہیں۔ رانا ثناء نے بتایا کہ ادویات سے اموات کے معاملے کی انکوائری مکمل ہو چکی ہے ،حکومت اپوزیشن کو ترقیاتی فنڈز دینا چاہتی ہے مگر من پسند افراد کو ٹھیکے نہیں دینگے۔