Time 03 فروری ، 2025
پاکستان

اپنی ٹرانسمیشن لائن شروع کردی، 600 میگاواٹ بجلی دیں گے: وزیراعلیٰ پختونخوا

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ 600 میگاواٹ بجلی دیں گے، ٹرانسمیشن لائن کا 150 ارب روپے کا منصوبہ ہے۔

پشاور میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھاکہ ہمارے آنے سے پہلےامن وامان کی صورتحال خراب تھی، بقایاجات کا انبار کھڑا ہوگیا تھا،ہم نے ریونیو میں 49 فیصد اضافہ کیا، ریونیو میں49 فیصد اضافےکا مطلب ہےکہ گورننس اچھی ہے، صحت کارڈ بند تھا، 20 ارب روپے کے بقایاجات تھے لیکن ہم نےصحت کارڈ دوبارہ شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ  150 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیاہے، کرپشن میں ایسا کہاں ہوتا ہے؟  67 فیصد مریضوں کا علاج سرکاری اسپتالوں میں ہوا جس کا مطلب صحت کا نظام بہترہوا نگراں حکومت میں ادویات کی خریداری 12 ارب روپے تھی، کم کرکے 5  ارب پر لائے اور  انکوائری کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھاکہ اپنی ٹرانسمیشن لائن شروع کردی، 600 میگاواٹ بجلی دیں گے، ٹرانسمیشن لائن کا 150 ارب روپے کا منصوبہ ہے، ایک سال میں 8 لاکھ کنال بنجرزمین کو سیراب کیا، 40 ارب روپے کی لاگت سے سولر اسکیم شروع کی۔

وزیراعلیٰ کا کہناتھاکہ پنجاب کا بجٹ خسارہ 146 ارب روپے ہے، ہمارا سرپلس ہے، ایسے میں ہم کرپشن کیسے کررہےہیں؟ وفاق کے ذمے ہمارے 2 ہزار ارب روپے سےزیادہ کےبقایاجات ہیں، انضمام کے باوجود ہمارا این ایف سی میں حصہ نہیں بڑھایاگیا، اپیکس کمیٹی میں این ایف سی میں ہمارے حصے پر نظر ثانی کاکہا، میں نے کہا کہ اس کےخلاف سپریم کورٹ جاؤں گا۔

انہوں نے کہاکہ اگلے اجلاس میں این ایف سی کو ایجنڈے میں رکھنے کا مطالبہ کیا، ایک ماہ کے اندر مسئلہ حل نہ کیا گیا توسپریم کورٹ جاؤں گا۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں، بدقسمتی سےان سے میری زیادہ بات نہیں ہوسکتی، پنجاب میں پی ٹی آئی کے ایم این ایز کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی پر بھی جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ کرپشن روکنے کیلئے قانون کو مزید سخت کررہے ہیں، احتساب کمیٹی کسی وزیرکو بلائے تواس کا مطلب یہ نہیں کہ وزرا کرپٹ ہیں، بانی پی ٹی آئی کا مجھ پر اعتماد ہے تو بطور وزیراعلیٰ یہاں بیٹھاہوا ہوں، میرے گھر پر 156 چھاپے مارے گئے، اتنے چھاپے ملک میں کسی کے گھر پر بھی نہیں مارےگئے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے میں اچھا کام ہو رہا ہے، آئی جی ذوالفقارحمید پروفیشنل افسر ہیں حالانکہ وہ تیسرےآپشن پر تھے، ذوالفقارحمید نے پنجاب میں دہشتگردی کے دوران عمدہ کام کیا۔

افغانستان کے حوالے سے علی امین گنڈاپور کا کہناتھاکہ افغانستان کی وجہ سے خیبرپختونخوا متاثر ہورہا ہے، میں نے وفاقی حکومت کوسمجھایا کہ افغانستان سےبات چیت کیلئے وفدبھیج رہاہوں، وفاقی حکومت کو اعتماد میں لے کر افغانستان جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے بات چیت کیلئے جرگہ بنائیں گے جس میں مختلف اقوام کے نمائندےشامل ہوں گے، افغانستان میں کئی دہائیوں سے جنگ چل رہی ہے جس سےہم متاثرہورہےہیں، کئی بار بات کی اور آہستہ آہستہ متعلقہ لوگوں کو راضی کرلیا، جلد وفد بھجواؤں گا اورپہلےاس حوالے سے ٹی او آر بنائےجائیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ تمام قبائل سے مشران مانگے جائیں گے اور گرینڈ جرگہ تشکیل دیاجائےگا، وفاقی حکومت کی مشاورت سےہی تمام عمل سرانجام دیاجائےگا، وفاقی حکومت مینڈیٹ چوری کرکے بیٹھی ہوئی ہے، مجبوراً سرکاری معاملات میں ان سے رجوع کرنا پڑتا ہے۔

مزید خبریں :