31 اکتوبر ، 2014
کراچی.........متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سانحہ 31اکتوبر کےشہیدوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دن اسٹیبلشمنٹ نے ایم کیوایم کو پوری قوت سے ختم کرنے کی کوشش کی۔سانحہ 31اکتوبر 1986ءکے شہدا کی برسی کے موقع پر الطاف حسین نے لندن سے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو اور حیدرآباد میں زونل آفس پر کارکنان اور ذمہ داروں سے فون پرگفتگو کی۔ اس موقع پر الطاف حسین کاکہنا تھا کہ 31 اکتوبر1986ء کادن ان کیلئے ایک المناک دن کی حیثیت رکھتاہے، اسی دن پکا قلعہ حیدرآبادکے جلسے کے موقع پر اسٹیبلشمنٹ نے ایم کیوایم کوختم کرنے کی پوری قوت کے ساتھ کوشش کی اور ایم کیوایم کیخلاف ریاستی مظالم کا نہ ختم ہونےوالا سلسلہ شروع کردیا گیا۔ ایم کیوایم کے قائد نے سانحہ 31اکتوبر کا پس منظر، حالات، واقعات اور مظالم کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کی جدوجہد کی یہ داستان ناقابل فراموش ہے۔ الطاف حسین نے سانحے کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔