31 اکتوبر ، 2014
اسلام آباد.......مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ مسلمان توبہ کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں ۔ پاکستان کو مستحکم اور جدید بنانے کیلیے اپنے اعمال کو بہتر بنانا ہوگا۔ مذہبی سکالر اور عالم دین مولانا طارق جمیل نے بحریہ ٹاؤن میں ملک ریاض کی نگرانی میں بننے والی دنیا کی ساتویں اور پاکستان کی سب سے بڑی جامع مسجد میں جمعے کا خطبہ دیا اور نماز کی امامت کروائی۔ مولانا طارق جمیل نے مسلمانوں کو اتحاد و یگانگت کا درس دیتے ہوئے اپنے اعمال کی درستگی اور توبہ کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے سیرتِ طیبہ اور واقعہ کربلا کا ذکر کرتے ہوئے مسلمانوں کو ان کے اسوے پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان کو مستحکم اور جدید بنانے کیلیے ہمیں اپنے اعمال کو بہتر بنانا ہوگا۔ بحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے اس موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے تھے۔ نماز کی ادائیگی کیلیے مسجد کے اندرونی اور بیرونی احاطے مکمل طور پر بھرے ہوئے تھے۔ انتظامیہ کے مطابق نمازیوں کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ تھی اور نماز جمعہ میں شرکت کیلیے دیگرشہروں سے بھی سینکڑوں افراد آئے ہوئے تھے جبکہ ہزاروں خواتین نے بھی پرسکون ماحول میں نمازِ جمعہ ادا کی۔