13 نومبر ، 2014
کراچی ......ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی کا کہناہے کہ وزیراعلیٰ سندھ پر صوبے کے ایک ایک فرد کی ذمہ داری ہے ۔ خواجہ اظہا رالحسن کہتے ہیں کہ قائم علی شاہ کے پا س اتنی وزارتیں ہیں کہ وہ خود سے باتیں کریں تو بھی کابینہ کا اجلاس ہوجائے۔متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے سندھ میں طرز حکمرانی کے حوالے سے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کی اور پیپلزپارٹی کی حکومت کی کارکردگی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ متحدہ کےرہنما فیصل سبزواری نے کہاکہ قحط سالی اور بدانتظامی کے بارے میں نت نئے جواز اور غیر منطقی باتیں کرکے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کی جارہی ہے ۔سابق وزیرصحت ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا کہ وزیر داخلہ نے ہر محکمہ میں مداخلت کرکے اسے برباد کردیا اور ذمہ دار ی دوسروں پر ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں ۔خواجہ اظہار الحسن نےکہا کہ ایم کیو ایم سندھ اسمبلی کے فلور پر بتائے گی کہ کس کس وزیر کے رشتے دار اعلیٰ عہدوں پر بھرتی کیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ملک کے سینئر ترین وزیراعلیٰ اپنی ذات میں پوری کابینہ ہیں ۔