14 نومبر ، 2014
ہیوسٹن.......متحدہ قومی موومنٹ ہیوسٹن چیپٹر کے زیرِ اہتمام "پاکستان میں نئے انتطامی یونٹس" کے عنوان سے بیروں ملک مقیم پاکستانیوں میں پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کے کی تشکیل کی ضرورت کو اجا گر کرنے کیلئے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ہیوسٹن میں مقیم پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز یوتھ ونگ کی رکن نمرہ وارثی کی جانب سے تلاوت قرانِ پاک سے ہوا۔ جبکہ مقررین نے شرکاء سے اپنے خطاب میں پاکستان کو درپیش مشکلات، اور انکے حل کیلئے پاکستان میں مزید انتظامی یونٹس کے قیام کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے قیام پاکستان اور تاریخِ پاکستان کا پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دو قومی نظریہ کی بنیاد پر قائم ہوا اور بانی پاکستان نے اسے ایسی مملکت میں تبدیل کرنے کا خواب دیکھا تھا جہاں ہرشخص کو مذہبی آزادی سمیت تمام بنیادی حقوق کی ضمانت حاصل ہوتی اور یہی وجہ تھی کہ برصغیر کے مسلمانوں نے اس کے قیام کی جدوجہد میں بھر پور حصہ لیا اور پاکستان کے قیام کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کیا حالانکہ وہ اس امر سے واقف تھے کے جن علاقوں میں پاکستان تشکیل پائے گا وہ وہاں کے باسی نہیں ہیں۔ مگر قیام پاکستان کے ساتھ ہی پاکستان کی ذیلی قومیتوں اور خصوصاََ ہندوستان سے ہجرت کرنے والوں سے نا انصافیوں کا جو سلوک روا رکھا گیا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ پاکستانی معاشرے میں رواج پاجانے والی انہی نا انصافیوں اور عدم مساوات نے پاکستانی یکجہتی کو نہ صرف شدید نقصان پہنچایا بلکہ پارہ پارہ کردیا ہے۔ ایسے میں صرف الطاف حسین ہیں جنھوں نے پاکستان اور اس میں آباد تمام ہی نسلی اکائیوں کو درپیش مسائل کا نہ صرف ادراک کیا بلکہ پاکستان کی جغرافیائی حدود میں رہتے ہوئے انکا بہترین حل بھی پیش کیا ۔تقریب سے ہزارہ ویلفئر کے رہنما پرویز سواتی، بزنس کمیونٹی آف ہیوسٹن کے رکن شکیل خان، امریکن پاکستانی چیمبرز آف کامرس کے پرویز اقبال، پاک امریکن ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن کے تسلیم صدیقی، محمد احمد اور شعیب احمد نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ریحان احمد نے انجام دئے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم ہیوسٹن چیپٹر کی تنظیمِ نو بھی کی گئی اور سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے والے اراکین کے ناموں کا اعلان کیا ۔ آخر میں پاکستان کی سلامتی اور ایم کیو ایم کہ بانی و قائد الطاف حسین کی صحت اور درازیء عمر کیلئے خصوصی دعایئں کی گئیں۔