14 نومبر ، 2014
لاڑکانہ...... لاڑکانہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں نجی بینک میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے دو پولیس اہل کاروں کو قتل کردیا ، فائرنگ سے بینک کا افسر اور سیکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوگئے ۔ لاڑکانہ کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں آج صبح چار ڈاکوؤں نے نجی بنک کی نیو اناج منڈی برانچ میں داخل ہونے کی کوشش کی ۔ ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہل کاروں نے انہیں روکا تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس سے ایک اہل کار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا ۔ ڈاکو بینک کے اندر گھسے تو عملے نے بھی مزاحمت کی ۔ ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے بینک کے ایک افسر اور سیکیورٹی گارڈ کو بھی زخمی کردیا اور لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ تینوں زخمیوں کو چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال پہنچایا گیا جہاں دوسرے پولیس اہل کار نے بھی دم توڑ دیا ۔پولیس نے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کردی ہے۔