14 نومبر ، 2014
سرگودھا....... سرگودھا میں ضلعی حکومت کا سرکاری ریکارڈ محفوظ رکھنے والی نقول برانچ میں سانپ اور بچھو نکل آئے، ڈیوٹی پر مامور عملہ ڈیوٹی دینے کے بجائے دن بھر سانپ تلاش کر کے مارتا رہتا ہے۔ ضلع کچہری سرگودھا میں ضلعی حکومت کا 100سالہ پرانا ریکارڈ محفوظ رکھنے کیلئے بنائی گئی نقول برانچ میں قیمتی دستاویزات کے ساتھ ساتھ بہت سےسانپ اور بچھو بھی موجود ہیں، یہ سانپ اوربچھو عملے کی زندگیوں کے لئے خطرہ بن چکے ہیں اور عملہ اس قدر خوف زدہ ہے کہ فرائض انجام دینے کے بجائے دن بھر انہیں مارنے میں لگا رہتا ہے۔ ایک اہلکار نے جیونیوز کو بتایا کہ نقول برانچ میں نہ تو بجلی ہے اور نہ ہی ریکارڈ کو محفوظ رکھنے کے لئے الماریاں، عملہ بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ اس کے علاوہ بلیاں اور چوہے بھی ہیں جو ریکارڈ کو تباہ کر رہے ہیں۔ اہلکارکا کہنا ہے کہ عدالتیں ریکارڈ طلب کرتی ہیں اور اگر سانپ اور بچھو کے ڈر سے ریکارڈ پیش نہ کریں تو عملے کو گرفتار کروا دیا جاتا ہے۔