14 نومبر ، 2014
کراچی....... سندھ اسمبلی کے اجلاس میں آج امن وامان کی صورتحال پر بحث ہوئی،صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ وزیراعظم نے وعدے پورے نہیں کیے، وفاقی حکومت نے غیر رجسٹرد سمیں بند نہیں کیں ، کراچی کے ٹارگٹڈ آپریشن میں سب کچھ سندھ حکومت اپنے طورپر کررہی ہے۔ سندھ اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن نے کہاکہ ٹارگٹڈ آپریشن کےبعد سے کراچی میں ٹارگٹڈ کلنگ کے واقعات میں خاطرخواہ کمی آئی ہے ، ٹارگٹڈ کارروائیوں کے ردعمل میں پولیس پر حملے ہورہے ہیں ، شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے جوان قربانیاں دے رہے ہیں ، ان کی قربانیوں کااعتراف نہ کرنا زیادتی ہوگی۔ شرجیل میمن نے اس موقع پر یہ بھی کہاکہ وفاق نے حسب وعدہ اپنا تعاون نہیں کیا ، ٹارگٹڈ آپریشن میں جو کچھ ہورہا ہے سندھ حکومت اپنی طرف سے کررہی ہے ، وہ وفاق سے پیسے نہیں مانگتے، آلات مانگتے ہیں لیکن وفاق چپ ہے ، شرجیل میمن نےکہاکہ وزیراعظم سے ملاقات میں متعدد پارٹیوں اور تاجروں نے غیر قانونی سمز بند کرنے کامطالبہ کیا لیکن وہ بھی اب تک پورا نہیں ہوا۔