15 نومبر ، 2014
برسبین.......دنیا کی اہم معیشتوں پر مبنی جی ٹوئنٹی ممالک کا انیسواں سربراہی اجلاس آسٹریلیا کے شہربرسبین میں شروع ہوگیا ہے۔برسبین میں ہونے والے جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس میں تمام بیس ممبر ممالک کے سربراہان سمیت کئی اہم شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔ دو روزہ سر براہی اجلاس میں عالمی معیشت کی ترقی و درپیش مسائل سمیت دیگر اہم امور کو زیر غور لایا جائے گا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اجلاس میں دنیا بھر میں توانائی کے شعبے میں تجارت کے لیے نئے نظام کی بنیاد رکھے جانے کا امکان ہے۔جس کے تحت ایک ایسے ادارے کا قیام عمل میں آئے گا جواوپیک اور بین الاقوامی توانائی ایجنسی سے بالا اور زیادہ بااختیارہوگا۔اس ادارے کے قیام سے بیشتر ممالک کو توانائی کے حصول میں آسانی اور معیشت کی ترقی میں مدد مل سکے گی۔اس اقدام سے عالمی منڈی کو مستحکم رکھنے میں بھی مدد ملے گی جبکہ تیل اور گیس کی فراہمی کو خارجہ پالیسی کے اوزار کے طور پر استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔اس حکمت عملی کو سعودی عرب اور روس کی حمایت حاصل ہے۔جی ٹوئنٹی ممالک نے آئندہ پانچ سالوں میں عالمی اقتصادی نمو کو دو فیصد تک بڑھانے کا ہدف طے کررکھا ہے۔