23 اپریل ، 2012
اسلام آباد … کفایت شعاری اور سادگی کا راگ الاپنے والی وفاقی حکومت کے اخراجات مقررہ بجٹ سے 61 ارب روپے زیادہ ہو جائیں گے جبکہ بے لگام مالی خسارہ بھی مقررہ ہدف سے 164 ارب روپے ز یادہ ہونے کا خدشہ ہے۔ اسلام آباد میں وزارت خزانہ کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ وفاقی اخراجات کا تخمینہ 25 کھرب 5 ارب روپے تھا تاہم اس میں 61 ارب زیادہ ہوجائیں گے اور وفاقی اخراجات 25 کھرب 66 ارب روپے ہوسکتے ہیں، معیشت اور بجٹ پر مسلسل دباوٴ کا باعث بننے والا خسارہ بھی مقررہ ہدف سے تجاوز کرسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال خسارہ 9 کھرب 76 ارب سے بڑھ سکتا ہے اور 164 ارب روپے اضافے کے ساتھ 11 کھرب 40 ارب ہونے کا خدشہ ہے۔