23 نومبر ، 2014
گوجرانوالہ.......گوجرانوالہ میں تحریک انصاف کا جلسہ ختم ہوتے ہی کارکنوں نے ہنگامہ آرائی شروع کردی،لڑکوں کی ہلڑ بازی سے 3 لڑکیاں زخمی ہوگئیں،جبکہ جلسہ گاہ سے 3 مشکوک افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جنھیں بعد میں چھوڑ دیا گیا۔ تحریک انصاف کے جلسے میں تو جوش و خروش تھا ہی لیکن یہ جوش و خروش جلسے کے بعد بھی برقرار رہا، مگر اس جوش و خروش کا نشانہ وہ کرسیاں بنیں جنھیں جلسہ گاہ میں لایا گیا تھا۔ جلسے کے اختتام پر نوجوانوں نے وہاں موجود کرسیاں اٹھا اٹھا کر پٹخنا شروع کر دیں۔ کرسیاں توڑنے کا آغاز اس وقت ہوا جب نوجوان خواتین والے حصے میں جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے انھیں روکنے کی کوشش کی تو کرسیاں چل گئیں۔ بعد میں اس مشق میں وہ لوگ بھی شریک ہو گئے جن کا اس جھگڑے سے کوئی تعلق نہیں تھا اور وہ محض تفریح طبع کے لیے کرسیاں توڑ رہے تھے۔ تحریک انصاف کے پچھلے جلسوں کی طرح اس مرتبہ بھی جلسہ گاہ میں موجود کئی نوجوانوں نے خواتین کے حصے میں جانے کی کوشش کی۔ بہت سے لوگ اس میں کامیاب بھی ہو گئے جس کے نتیجے میں خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس صورت حال میں تین لڑکیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ جلسے کے دوران ایک شخص جنگلے سے گر کر بے ہوش ہو گیا جسے اسٹریچر پر لٹا کر باہر لے جایا گیا۔ جلسہ گاہ سے تین مشکوک افراد کو پکڑا گیاہے۔ ایک شخص کا کہنا تھا کہ وہ شہنشاہ عمران خان سے گلے ملنا چاہتا ہے۔ شرکاء اور کارکنوں نے اس کی جی بھر کر پٹائی کی۔ بعد میں معلوم ہوا کہ اس کا ذہنی توازن درست نہیں۔ ایک اور شخص کو پکڑ کر اس سے پانی گرم کرنے والی راڈ برآمد کی گئی۔ ایک اور شخص کو نشے کی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ان تینوں افراد کو ابتدائی تفتیش کے بعد چھوڑ دیا۔