23 نومبر ، 2014
کوئٹہ.......بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے الیکٹرانک میڈیا پر بلوچستان کے موجودہ حالات اور صورت حال کی صحیح کوریج نہ کرنے کا الزام عائدکیا ہے۔ بی ایس او نے پیر سے تمام ٹی وی چینلوں کے بائیکاٹ اور 2 دسمبر سے بلوچستان میں نیوز چینلوں کی نشریات بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔بی ایس او کے رہنما جاوید بلوچ نے دیگررہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بلوچستان سے متعلق میڈیا کا کردار انتہا ئی مایوس کن اورقابل افسوس ہوچکا ہے۔ انہوں نےالزام عائد کیاکہ میڈیا بلوچستان کے سیاسی معاشی اورمعاشرتی مسائل سے چشم پوشی کررہا ہے اور مصنوعی قیادت اورسرکارنواز قوتوں کو بلوچستان کے حقیقی نمائندوں کے طور پر پیش کررہا ہے، جاوید بلوچ نے دعویٰ کیا کہ بلوچستان میں ہزاروں سیاسی کارکنوں کی ماورائے آئین اغوا ء نما گرفتاریوں،مسخ شدہ نعشوں کے ملنے، اجتماعی قبروں کی دریافت اور سیاسی جمہوری عمل کو درپیش مسائل پر میڈیا آواز نہیں اٹھاتا۔