پاکستان
24 نومبر ، 2014

قائم علی شاہ کا وزیر اعظم کو خط ،صوبے کو حق دینے کا مطالبہ

قائم علی شاہ کا وزیر اعظم کو خط ،صوبے کو حق دینے کا مطالبہ

کراچی......وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کو لکھے گئے خط میں ان سے صوبے کو آبادی کے مطابق جائز حق دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے خط میں لکھا ہے کہ وفاقی بیورو کریسی میں صوبے کو آئین کے مطابق کوٹہ دیا جائے۔ آئین صوبوں کو آبادی کے مطابق کوٹہ دیتاہے ، بدقسمتی سے اس پر عمل نہیں ہورہا۔ وفاقی بیورو کریسی میں سندھ کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ اہل افسران کو ان کا جائز حق دیا جائے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے وزیراعظم کو خط بھیجنے کی وجہ کئی افسران کی ترقی میں رکاوٹ بھی ہے۔ چند ماہ قبل فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین کے زیر صدارت پروموشن بورڈ کے اجلاس میں گریڈ 20 کے افسران کی گریڈ 21 میں ترقی کی سفارش کی گئی،لیکن وزیر اعظم کی جانب سے کئی افسران کو اہل نہیں قرار دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ترقی نہ پانے والے بیشتر افسران کا تعلق صوبہ سندھ سے تھاجس کے بعد کی گئی اپیل میں اعلیٰ عدالت کی جانب افسران کے حق میں فیصلہ دیا جس پر وفاقی حکومت نے فیصلہ کے خلاف اپیل کردی،ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملہ عدالت میں جانے کی وجہ سے کئی ماہ سےوفاقی حکومت کے ماتحت افسران کے گریڈ 20 سے 21 میں ترقی کے لئے بورڈ کا اجلاس نہیں ہورہا۔سول سروس سے تعلق رکھنے والے سینئر افسر نے جیو نیوز کو بتایا کہ اگرچہ وفاقی سیکریٹریوں اور صوبائی چیف سیکریٹریز کی اسامیوں کے لئے صوبوں کا کوٹہ مقرر نہیں تاہم عام طور پر وفاقی سیکریٹریوں اور صوبائی چیف سیکریٹریز سمیت اہم اسامیوں پر تما صوبوں کی نمائندگی رکھی جاتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ اس وقت صوبائی چیف سیکریٹریز اور وفاقی سیکریٹریز کی اسامیوں میں محض چند ایک پر سندھ کے افسران تعینات ہیں۔

مزید خبریں :