25 نومبر ، 2014
چکوال........چکوال میں کٹاس راج مندر میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے ہندو یاتری واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچ گئے۔ واہگہ بارڈر پر ہندو یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ کٹاس راج مندر میں ہندوؤں کے تہوار شیوراتری میں شرکت کے لئے 81 ہندو یاتری پاکستان پہنچے۔ متروکہ وقف املاک کے ایڈیشنل سیکرٹری خالد علی نے ان کا استقبال کیا۔ یاتری لاہور پہنچنے پر انتہائی خوش دکھائی دیئے، وہ پاکستان میں اپنے مندروں کی دیکھ بھال کے انتظامات پر بھی مطمئن نظر آئے۔ہندو یاتریوں کے لئے کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ دال چاول ،سبزی، روٹی اور میٹھے چاولوں سے ان کی تواضع کی گئی۔ یاتریوں نے بھی خوب پیٹ بھر کر کھاناکھایا۔ ہندو یاتری رات لاہور میں قیام کے بعد صبح چکوال جائیں گے۔ 29 نومبر کو ان کے اعزاز میں کرشنا مندر لاہور میں عشائیہ دیا جائے گا۔30 نومبر کوہندو یاتری واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔