پاکستان
24 اپریل ، 2012

مظفر گڑھ میں پاک آرمی ملتان کور کی سالانہ مشقیں

مظفر گڑھ میں پاک آرمی ملتان کور کی سالانہ مشقیں

مظفرگڑھ…پاک فوج کی ملتان کور کی سالانہ مشقیں خدائی رینج مظفرگڑھ میں ہوئیں۔مشقوں میں لیزر ٹیکنالوجی کے ذریعے دشمن کے ٹینک کو ناکارہ بنانے کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔پاک فوج ملتان کور کی موسم گرما کی سالانہ مشقیں مظفر گڑھ کے علاقے خدائی رینج میں ہوئیں۔ آرمی چیف جنرل اشفا ق پرویز کیانی نے مشقوں کا معائنہ کیا۔ کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل شفقات احمد نے آرمی چیف کو مشقوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ سالانہ مشقوں میں آرمرڈ انفینٹری، آرمی ایوی ایشن اور ایئر فورس کے دستو ں نے حصہ لیا۔ ٹینکوں نے ریتیلے ٹیلوں سے بڑی مہارت کے ساتھ گزرتے ہوئے دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ٹینک پر نصب لیزر ٹیکنالوجی کے ذریعے دشمن کے ٹینک کو جام کر نے کا بھی عملی مظاہرہ کیا گیا۔ بغیر پائلٹ طیارے کے ذریعہ فضائی نگرانی کی گئی اور طیارے میں نصب جدید کیمرے اور آلات کے ذریعہ دشمن کی پوزیشن کی ویڈیو کنٹرول روم کو بھجوائی گئیں۔کوبرا ہیلی کاپٹر نے آرمڈ انفینٹری کے دستوں کو آگے بڑھنے میں مدد دی۔ جوانوں نے دشمن کے ٹھکانوں پر حملے کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔مشقوں کے اختتام پر آرمی چیف نے مشق میں حصہ لینے والے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جی او سی ملتان میجر جنرل محمد صادق کا کہنا تھا کہ یہ بکتر بند دستے کی ایکسرسائز تھی جس میں دشمن پر حملہ کیا گیا اور اس کے حملے کو پسپا کیا گیاہے۔

مزید خبریں :