10 دسمبر ، 2014
کراچی......رفیق مانگٹ......بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے چین سے پاکستان میں انفرااسٹرکچر منصوبے ختم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ ’’ژی نیوز‘‘ کے مطابق بھارت نے چین کو ان تمام منصوبوں کو روکنے کا مطالبہ کیا جو آزاد کشمیر میں جاری ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق بھارت نے چین کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں اقتصادی راہداری سمیت بنیادی ڈھانچے کی تعمیری منصوبوں پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا اور اپنی سرگرمیوں سے باز رہنے کو کہا ہے۔ چین اور پاکستان کے منصوبوں پر لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب وزیر برائے امور خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ بھارتی حکومت ہمسایہ ممالک میں چین کے تمام منصوبوں سے آگاہ ہے جن میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور میانمار میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تعمیر یا امداد ہے، نیپال میں ہائیڈروالیکٹرک اور آئی ٹی کے منصوبے اور مالدیپ میں گھروں کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان میں پن بجلی اور جوہری منصوبوں، ہائی ویز، موٹر ویز، ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اور اقتصادی کوریڈورز کے چینی منصوبوں سے بھی آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں چین کے انفرااسٹرکچر اور اکنامک کوریڈور کی رپورٹوں کو بھی دیکھا جارہا ہے۔ بھارتی سرکاری بیان کے مطابق بھارت نے آزاد کشمیر میں ایسی تمام سرگرمیوں پر چین کو اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ہے اور مطالبہ کیا کہ وہ ان سرگرمیوں کو ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سیکورٹی پر اثر رکھنے والے تمام واقعات پر مسلسل نظر رکھتا ہے اور اس کی حفاظت کے لئے تمام ضروری اقدامات کرتا ہے۔