04 مارچ ، 2025
اسلام آباد: مفت آن لائن لرننگ سے متعلق دنیا کی معروف آن لائن تعلیمی درس گاہ خان اکیڈمی اور وفاقی وزارت تعلیم کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔
وفاقی وزارت تعلیم اور خان اکیڈمی نے پاکستان میں تعلیمی انقلاب لانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد خان اکیڈمی کے اے آئی سے چلنے والے ٹیوٹر خان میگو کے ذریعے اسکولوں میں تعلیم فراہم کرنا ہے۔
معاہدے کے تحت خان اکیڈمی وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے اساتذہ کو خان میگو کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے کی تربیت دے گی تاکہ کلاس رومز میں ٹیکنالوجی کا بغیر کسی رکاوٹ کے استعمال کیا جاسکے۔
اس حوالے سے وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی کا کہنا تھا کہ ہم خان اکیڈمی کے ساتھ معاہدے پر پرجوش ہیں تاکہ اپنے طلبا کو 21 ویں صدی میں کامیابی کے لیے تیار کرنے والی اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کرسکیں۔
اس مفاہمتی یادداشت کے ساتھ پاکستان ان ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے جو خان اکیڈمی کے وسائل کو تعلیمی نتائج کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
خان اکیڈمی کے پاکستان کے سربراہ عثمان رشید کا کہنا ہے کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ ہر طالب علم کو عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی کا حق ہے، ہم وفاقی وزارت تعلیم کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔