26 اپریل ، 2012
میڈرڈ ... یوئیفا چیمپینز لیگ کے دوسرے سیمی فائنل میں جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ نے ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ کو پنلٹی ککز پر دلچسپ مقابلہ کے بعد ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی، فائنل میں بائرن میونخ کا مقابلہ انگلش فٹ بال کلب چیلسی سے ہوگا۔میڈرڈ کے برناباوٴ اسٹیڈیم میں ہونے والے چیمینز لیگ کے دوسرے سیمی فائنل کے دوسرے لیگ میں رئیل میڈرڈ نے دو کے مقابلہ میں ایک گول کے خسارہ سے شروعات کی لیکن میچ کے 20منٹ کے اندر ہی رئیل میڈرڈ کے کرسٹیانو رونالڈو نے دو گول کر کے مجموعی طور پر میڈرڈ کو 3 کے مقابلہ میں دو کی برتری دلا دی۔ تاہم کچھ ہی منٹوں بعد بائرن میونخ کے روبن نے پنلٹی کک پر گول کر کے مقابلہ کو برابر کر دیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی جبکہ 15 منٹ کے دو اضافی ہاف میں بھی دلچسپ مقابلہ کے باوجود کوئی ٹیم گول نہ کر سکی جس کے بعد دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پنلٹی ککز دی گئیں۔ رئیل میڈرڈ کے اسٹار کھلاڑی رولانڈو سمیت تین کھلاڑی گیند کو جال میں پھینکنے میں ناکام جبکہ بائرن میونخ کے کپتان فلپ لاہم سمیت دو کھلاڑی گول کرنے میں ناکام رہے۔ جرمن کلب کا فائنل میں 19 مئی کو مقابلہ انگلش فٹ بال کلب چیلسی سے الائنز ارینا میں ہوگا جو کہ بائرن میونخ کا ہوم گراوٴنڈ ہے۔ چیلسی نے پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمین بارسلونا کو شکست سے دو چار کیا تھا۔